بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ کوئی نئی بات نہیں ہے اور اس موازنے پر قومی بیٹسمین کے ساتھی کرکٹرز کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے۔ شاداب خان اور حسن علی نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کیا جس میں دونوں سے بھارتی اور پاکستانی کپتانوں کے موازنے پر سوال ہوا۔ شاداب خان نے کہا کہ اس وقت اگر پرفارمنس دیکھی جائے تو بابر اعظم کا پلڑا بھاری ہے اور وہ اس وقت ویرات کوہلی سے بھی بہتر پرفارم کر رہے ہیں لیکن اگر مجموعی پرفارمنس دیکھی جائے تو ویرات کوہلی آگے ہیں۔ حسن علی نے کہا کہ ویرات کوہلی ایک لیجنڈری کرکٹر ہیں لیکن اگر بابر اعظم اسی طرح سے کھیلتے رہے تو وہ بہت بڑے ریکارڈز توڑ دیں گے اور بھارتی کپتان سے بھی بڑے پلیئر بن جائیں گے۔ بابر اعظم نے ابھی تک 74 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں اور ابتدائی 74 میچز میں بابر اعظم کو ویرات کوہلی پر سبقت حاصل ہے۔