پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو ہونہار کرکٹرز حسن علی اور شاداب خان نے انسٹاگرام پر لائیو گفتگو کی جہاں انہوں نے شائقین کرکٹ کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ ایک فین نے دونوں کھلاڑیوں سے سوال کیا کہ آپ دونوں کو سرفراز احمد کی یاد آتی ہے؟ جس پر حسن علی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی بہت یاد آتی ہے وہ میرے کپتان ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم میں ہوں یا نہ ہوں لیکن میں ہمیشہ ان کو اپنا کپتان سمجھوں گا۔ شاداب خان نے بھی کہا کہ وہ ابھی ٹیم میں نہیں ہیں لیکن میں اب بھی انہیں اپنا کپتان مانتا ہوں۔ حسن علی سے ان کے فیورٹ بیٹسمین کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو انہوں نے بابر اعظم نام لیا۔ ایک سوال پر شاداب خان نے پی ایس ایل فائیو میں ٹیمال میلز کو مشکل ترین بولر قرار دے دیا جس کے سامنے انہیں رنز اسکور کرنے میں مشکل ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمال میلز کی دھیمی رفتار کی گیند مجھے سمجھ نہیں آتی تھی۔ شاداب خان نے بتایا کہ ایک میچ میں جب ٹیمال میلز بولنگ کرنے آئے تو سامنے کولن منرو بیٹنگ کر رہے تھے اور میں نے ان سے کہا کہ اس کا پورا اوور آپ کھیل لیں۔