قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ سمجھتے ہیں کہ تجربے کار آل راؤنڈرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر کسی پر تنقید نہیں کرنا چاہتا لیکن کرکٹرز کو اپنے لیے نہیں ٹیم کے لیے پہلے سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ کی بہت خدمت کی ہے اور اس بات پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے لیکن اب دونوں کھلاڑیوں کا انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا وقت آ گیا ہے۔ سابق کرکٹر نے سینیئر کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انتظار کرنے کے بجائے ریٹائرمنٹ لے لیں۔ رمیز راجہ نے مزید کہا کہ مجھے سچ بولنے کی عادت ہے، میں سمجھتا ہوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے فائدہ مند ہو گا۔