کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے رمضان ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی دینے سے انکار کر دیا تھا۔ پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد رمضان ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہا اور ان ٹورنامنٹس کے منسوخ ہونے سے کئی مقامی کرکٹرز کو مالی دھچکا بھی لگے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے مالک ندیم عمر نے رمضان ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے عمر ایسوسی ایٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی مدد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ندیم عمر کا کہنا ہے کہ ہم ان کھلاڑیوں کی مالی مدد کریں گے جنہیں واقعی رمضان ٹورنامنٹ نہ ہونے کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا ہو گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے مینجر اعظم خان نے دوسرے فرنچائز مالکان سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں کرکٹرز کی مدد کریں۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی بھی مدد کرنی چاہیے جو کرکٹ فیلڈ میں دیہاڑی پر کام کرتے ہیں۔