اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان کی ناقص فٹنس کی وجہ سے چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس سمیت کئی سابق کرکٹرز ان کی قومی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کر چکے ہیں۔ اس مشکل صورتحال میں سابق کرکٹر اور چیف سلیکٹر محسن خان نے شرجیل خان کی حمایت کر دی ہے۔ محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت اوپننگ بیٹسمینوں کی بہت کمی ہے، شرجیل خان کی واپسی پر فٹنس کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ قومی ٹیم میں ایسے کھلاڑی بھی ہیں جو فٹنس کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ جب عمران خان وزیراعظم بنے تو مجھے امید تھی فیصلے میرٹ پر لیے جائیں گے مگر اب تک ایسا نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے جس کی ایک وجہ مصباح الحق بھی ہیں، وہ خود ٹیم منتخب کرتے ہیں اگر ان کی منتخب کردہ ٹیم پرفارم نہیں کرے گی اور مصباح الحق ہی ہیڈکوچ بھی ہوں گے تو ٹیم میں غلط فیصلوں کا احتساب کون کرے گا۔