پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کے مطابق قومی ٹیم صحیح سمت میں چل رہی تھی اور اب کورونا وائرس کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں پر فرق پڑے گا۔ وقار یونس نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر قومی ٹیم اچھا پرفارم کر رہی تھی اور ہم صحیح سمت میں چل رہے تھے مگر کورونا کی وجہ سے بریک لگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ پریشانی والی بات نہیں، تیاری کا مسئلہ صرف ہمارا نہیں پوری دنیا کی ٹیموں کا ہے، سب ایک ہی ردھم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ایسی صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے اور گھر پر رہتے ہوئے خود کو مکمل فٹ رکھنا ہو گا تا کہ واپسی کے بعد زیادہ مشکلات نہ ہوں۔ حسن علی کے حوالے سے بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ان کی فٹ ہونے کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ ان جیسی انرجی بہت کم کھلا��یوں میں ہوتی ہے، امید ہے وہ جلد صحتیاب ہو کر ٹیم کا حصہ بنیں گے۔