پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یونس خان کی خدمات لینے کا مشورہ دے دیا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ یونس خان کرکٹ نہیں کھیل رہے، پی سی بی کو چاہیے کہ ایسا شخص جس میں اعتماد ہو، جس کا ڈسپلن بھی مثالی ہو، وہ محنت کرنا جانتا ہو اور اچھے نتائج چاہتا ہو، ایسے شخص کو ضرور استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان اب بھی پاکستان کے لیے جیتنا چاہتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایسے لوگوں کا آنا بہت ضروری ہے تا کہ نئی نسل میں یہ ٹیلنٹ منتقل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے اس شعبے میں بھی یونس خان پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ ثقلین مشتاق نے اپنی ویڈیو میں یونس خان کے ڈیبیو سے متعلق بھی کہانی سنائی۔ واضح رہے کہ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔