کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں لوگ اپنے گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور اس دوران آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن انسٹاگرام پر آئے روز اپنے مداحوں سے بات چیت کرتے نظر آتے ہیں۔ انسٹاگرام لائیو سیشن میں شین وارن نے ان 11 کھلاڑیوں کی ٹیم منتخب کی جن کیخلاف کھیلنا شین وارن کیلئے سب سے مشکل تھا۔ شین وارن نے اپنی اس ٹیم میں چھ بیسٹمینوں کا انتخاب کیا جن میں کمار سنگاکارا، سنتھ جےسوریا، برائن لارا، کیون پیٹرسن، سچن ٹنڈولکر اور ورندر سہواگ شامل ہیں۔ باؤلنگ کے شعبے میں شین وارن نے 2 پاکستانی فاسٹ بولرز وسیم اکرم اور شعیب اختر کو بھی ٹیم میں منتخب کیا جن کیخلاف بیٹنگ کرنے میں شین وارن کو سب سے زیادہ مشکلات پیش آتی تھیں۔ اینڈریو فلنٹوف، ڈینیئل ویٹوری اور کرٹلی امبروز بھی سابق لیگ اسپنر کی اس ٹیم کا حصہ بنے۔