قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں جن کھلاڑیوں نے سزا مکمل کر لی ہے ان کے ساتھ ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں جیسا برتاؤ کرنا چاہیے۔ سلمان بٹ نے کہا جو اس معاملے پر آواز بلند کر رہے ہیں میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب وہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے تھے تو اس وقت ان کی ایمانداری کہاں چلی گئی تھی؟ اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان ٹیم میں کھلاڑی منتخب کیے جاتے ہیں، ٹیم میں ایسے کھلاڑی بھی منتخب کیے گئے جن میں پاکستان کی جانب سے کھیلنے کی صلاحیت ہی نہیں تھی اور کئی پلیئرز نے غیرمعمولی کارکردگی کے بغیر پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی بھی کی۔ سلمان بٹ کا مزید کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہونی چاہیے یا نہیں یہ آئی سی سی اور پی سی بی کا معاملہ ہے، کھلاڑیوں کو اس پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں۔