پاکستان ٹیم کی مینجمنٹ کو خدشات ہیں کہ لاک ڈاؤن میں پلیئرز کی فٹنس خراب ہو جائے گی اور اس سے نمٹنے کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے مستقبل کی حکمت عملی پر غور شروع کرتے ہوئے لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی کیمپ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کے ساتھ سخت ٹریننگ بھی کروائی جائے گی تا کہ کھلاڑی پھر سے ردھم میں واپس آ سکیں۔ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی کر دیے گئے تھے جو اسی کیمپ کے دوران لیے جا سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے علاوہ ڈومیسٹک اور پی ایس ایل کے ٹاپ پرفارمرز کو بھی کیمپ میں مدعو کیا جائے گا۔ دوسری جانب کھلاڑیوں کا آن لائن ٹیسٹ لینے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 20 اپریل کو کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ سال اہم ہے کیونکہ پاکستان کو ایشیاء کپ کی میزبانی کرنی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی حصہ لینا ہے۔