دنیا بھر کی کرکٹ میں اب فٹنس کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے اور اسے سینٹرل کنٹریکٹ کا لازمی حصہ بنانے کی باتیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم کے ہیڈکوچ مارک باؤچر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سینٹرل کنٹریکٹ میں فٹنس کے حوالے سے شقیں بھی شامل کی جائیں گی۔ مارک باؤچر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرکٹ میں فٹنس انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے، ہمیں بھی اس پر بھرپور انداز میں کام کرنا ہو گا اور دنیا کے ساتھ چلنا ہو گا۔ ساؤتھ افریقی ہیڈکوچ آسٹریلیا کے خلاف اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر اچھا کھیلا مگر اس پرفارمنس کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سال اور اگلے سال ہمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنا ہے جس کے لیے بہترین تیاری کرنا ہو گی۔