کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے پی ایس ایل فائیو کے میچز اور پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز ملتوی ہوئی اور اب قومی ٹیم کی نیدرلینڈز کے خلاف سیریز ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔
کورونا وائرس نے یورپ میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے۔ نیدرلینڈز میں اب تک 19 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور 2100 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ ایسے میں نیدرلینڈز میں کرکٹ سیزن خدشات کا شکار ہے۔
پاکستان کے نیدرلینڈز کیخلاف 4، 7 اور 9 جولائی کو تین ون ڈے میچز شیڈول ہیں اور یہ میچز ملتوی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کرکٹ نیدرلینڈز اگلے دو ہفتوں میں سیریز کے حوالے سے فیصلہ کر سکتا ہے۔