Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے ماضی میں برائن لارا کے ساتھ ہونے والے ایک دلچسپ مکالمے کی تفصیلات سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر شیئر کی ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2006 میں دورہ پاکستان پر آئی تھی اور اس سیریز میں محمد یوسف نے ایک سال کے عرصے میں ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
محمد یوسف نے 2006 میں 11 ٹیسٹ میچز کھیل کر 99.33 کی اوسط سے 1788 رنز اسکور کیے تھے۔ سابق بیٹسمین کا یہ ریکارڈ 14 سال بعد آج بھی قائم ہے۔
محمد یوسف نے بتایا کہ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد میں اور برائن لارا کراچی میں رات کا کھانا کھا کر واپس آ رہے تھے تو اس نے مجھے کہا کہ آف سائیڈ پر میں بھی بہت اچھا کھیلتا ہوں لیکن جب آپ کھیلتے ہو تو ایسا لگتا ہے جیسے گھر میں بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہو۔
سابق کپتان کے مطابق انہوں نے جواب دیا کہ میں جس گلی میں کھیلتا تھا وہاں لیگ سائیڈ پر دیوار تھی اس لیے رنز صرف آف سائیڈ پر ملتے تھے۔ محمد یوسف نے مزید بتایا کہ ایک دن اس گلی سے مرحوم بشیر چغتائی صاحب گزرے تو انہوں نے مجھے دیکھ کر کہا کہ یوسف یہ تیری جگہ نہیں، تو اوپر کی کرکٹ کا پلیئر ہے اس لیے کل سے ٹیپ بال بند اور ہارڈ بال شروع۔