چند روز قبل ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے محمد عامر اور وہاب ریاض کے حوالے سے کہا تھا کہ دونوں باؤلرز نے مشکل وقت میں ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہو کر غلط قدم اٹھایا تھا۔ محمد عامر تو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں لیکن وہاب ریاض نے کرکٹ کے طویل فارمیٹ سے غیرمعینہ مدت تک وقفہ لیا ہے۔ وہاب ریاض نے وقار یونس کے انسٹاگرام پر لائیو سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ ہم پر تنقید کرتے ہوئے ہلکا ہاتھ رکھیں۔ فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ میرے اندر پاکستان کرکٹ کی خدمت کا جو جذبہ ہے وہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے وقار یونس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب میں اچھا پرفارم نہیں کرتا تو بعض اوقات آپ مجھ پر غصہ ہو جاتے ہیں، کچھ عرصے کے لیے میرے سے بات بھی نہیں کرتے۔ باؤلنگ کوچ نے کہا کہ میرا تمہارے ساتھ یہ رویہ اس لیے ہوتا ہے کیونکہ میں تمہاری صلاحیتوں سے واقف ہوں۔