قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کا کہنا ہے کہ گھر پر جتنی بھی ٹریننگ کر لیں لیکن کرکٹ کے لیے میدان کی ضرورت پڑتی ہے۔ انہوں نے بند دروازوں کے پیچھے میچز کروانے کی حمایت کر دی ہے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی نے کرکٹ اور ٹریننگ کے لیے گراؤنڈ جانا ضروری قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر میں جسمانی ٹریننگ کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے لیکن کرکٹ کے لیے آپ کو گراؤنڈ میں جانا پڑتا ہے، پریکٹس کے لیے وسائل اور بولرز چاہیے ہوتے ہیں اس لیے یہ ایک چیلنج ہے اور یہ چیلنج صرف ہمارے لیے نہیں سب کے لیے ہے۔ اظہر علی نے بغیر تماشائیوں کے میچز کروانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بند دروازوں کے پیچھے میچز ہوتے ہیں تو ہم تیار ہیں، مجھے امید ہے کہ حکام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ اس چیز کو دیکھیں گے کہ کیا سب محفوظ ہیں اور اگر سب محفوظ ہوتے ہیں تو پھر کرکٹ ضرور ہونی چاہیے۔