رواں سال کاؤنٹی چیمپئن شپ کے لیے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے بیٹسمین چتیشور پجارا کا گلوسٹرشائر کے ساتھ 6 میچوں کیلئے معاہدہ ہوا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ان کا معاہدہ منسوخ ہو گیا ہے۔ گلوسٹرشائر نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے 28 مئی تک تمام کرکٹ سرگرمیاں معطل کر دی ہیں جس وجہ سے چتیشور پجارا کاؤنٹی چیمپئن شپ 2020 میں گلوسٹرشائر کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ گلوسٹرشائر کلب کے 2020 کاؤنٹی سیزن میں 150 سال مکمل ہونے تھے۔ گلوسٹرشائر کی مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ اس سیزن کے لیے گزشتہ سال سے تیاری کر رہے تھے لیکن افسوس ہے سیزن التواء کا شکار ہو گیا ہے۔ کاؤنٹی کلب کے مطابق موجودہ صورتحال میں نہیں جا سکتا کہ کرکٹ کب دوبارہ شروع ہو گی۔ کاؤنٹی ڈویژن ون 12 مارچ سے شروع ہونا تھی۔ یاد رہے چتیشور پجارا اس سے قبل نوٹنگھم شائر، یارکشائر اور ڈربی شائر کیجانب سے کھیل چکے ہیں۔