پاکستان ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے جاوید میانداد کو دنیا کا بہترین بیٹنگ کوچ قرار دے دیا۔ انضمام الحق نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں دنیا بھر میں کرکٹ کھیلا ہوں لیکن جاوید میانداد نے جو بیٹنگ ٹپس مجھے دیں وہ دنیا کا کوئی اور کوچ نہیں سکھا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد تکنیک کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے تھے، وہ یہ نہیں بتاتے تھے کہ بیٹسمین کا سر کدھر ہونا چاہیے یا ہاتھ اور پاؤں کا استعمال کس طرح کرنا ہے بلکہ وہ یہ بتاتے تھے کہ میدان میں رنز کس طرح اسکور کرنے ہیں اور یہی جاوید میانداد کی کوچنگ کی سب سے خاص بات تھی۔
انضمام الحق نے مزید کہا کہ ماضی میں جو عظیم بیٹسمین پاکستان کی جانب سے کھیلے ہیں وہ بھی تکنیک سے زیادہ رنز بنانے کی فکر کرتے تھے۔ انہوں نے موجودہ ٹیم کے بیٹسمینوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی کراچی جانا ہو تو جاوید میانداد سے ملاقات کر کے ان سے بیٹنگ کی ٹپس لیں۔