Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

نوجوان بیٹسمین اعظم خان نے پی ایس ایل فائیو کے 9 میچوں میں ایک نصف سنچری کے ساتھ 150 رنز اسکور کیے تھے۔ اعظم خان کی اس کارکردگی سے ان کے والد معین خان مطمئن ہیں۔ وسیم اکرم کے ساتھ ایک انٹرویو میں اعظم خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ جب اعظم کو پہلا مین آف دی میچ ملا تو مجھے بہت خوشی ہوئی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ نے کہا کہ اعظم خان کی پرفارمنس کا مجھ پر بہت دباؤ تھا کیونکہ میرے نام کی وجہ سے اس پر بھی دباؤ رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا لوگ اعظم خان سے امید لگاتے ہیں کہ وہ اسی طرح کرکٹ کھیلیں جیسے میں کھیلا کرتا تھا لیکن اس کا کھیلنے کا انداز الگ ہے، وہ ٹی ٹوئنٹی کا کھلاڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے اعظم خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وہ کلب کرکٹ میں 65-60 سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔ وسیم اکرم نے معین خان سے سوال کیا کہ اعظم خان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے یا نہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری کرکٹ کا نظام بہت عجیب ہے، جو پاکستان ٹیم میں کھیل رہا ہوتا ہے اسے فرنچائز نہیں کھیلاتی اور جو لیگز میں پرفارم کر رہا ہوتا ہے اسے ریجن کی ٹیمیں موقع نہیں دیتیں۔