پاکستان ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا ماننا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم میں صلاحیت موجود ہے کہ وہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے آگے نکل سکیں۔ رمیز راجہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اگر ویرات کوہلی کو شکست دینا چاہتے ہیں تو انہیں ہار کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم صرف رنز اسکور کرنے اور جیتنے کے بارے میں سوچیں، جتنی جلدی وہ ایسا کر لیں گے تو وہ ایک طویل عرصے تک عظیم کھلاڑی رہ سکتے ہیں۔ سابق کرکٹر نے بھارتی ٹیم کی کارکردگی میں آنے والی بہتری کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے نچلی سطح پر بہت کام کیا ہے، شروع سے ہی ان کے بچوں میں بیٹنگ کا کلچر ہے۔ رمیز راجہ نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر زیادہ زور ہونے کے باوجود بھارت میں اگلے قدم پر دفاعی شاٹس کھیلنے پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے تا کہ ایک مضبوط بنیاد قائم کی جا سکے۔