پاکستان ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی صرف 20 سال کی عمر میں ہر فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کے اہم ستون بن چکے ہیں اور اپنی بولنگ میں مزید نکھار لانے کیلئے ان کی محنت جاری ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ 2019 سے قبل ہی یارکرز پر بہت محنت کر رہا تھا جس میں اظہر محمود نے میری بہت مدد بھی کی اور اب میرے لیے اننگز کے آخری مراحل میں یارکرز کرنا زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔ انہوں نے نے بتایا کہ وقار یونس کے بولنگ کوچ بننے سے قبل این سی اے میں ان سے یارکر بولنگ کی ٹپس لیتا تھا کیونکہ وہ اس میں بہت مہارت رکھتے تھے۔ نوجوان بولر نے کہا کہ اگر کوئی وقار یونس سے یارکر کرنا نہیں سیکھ سکتا تو دنیا میں کوئی اور بولر یہ نہیں سکھا سکتا۔ شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں، پہلے اظہر محمود کے ساتھ کام کیا اور اب وقار یونس سے سیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری اب تک کی کرکٹ میں پاکستان سپر لیگ کا بہت اہم کردار رہا ہے، پی ایس ایل میں کھیلنے کے بعد میری بولنگ میں بہت بہتری آئی ہے۔