Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

رواں ماہ کے اختتام پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں گے۔ پاکستانی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہارون رشید کے جانے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ اور نیشنل اکیڈمیز کو ایک ڈیپارٹمنٹ میں ضم کر کے اسے ہائی پرفارمنس سینٹر کا نام دیا جائے گا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کا چارج سابق کرکٹر بازید خان کو سونپے جانے کا امکان ہے۔ بازید خان سابق اوپننگ بیٹسمین ماجد خان کے صاحبزادے ہیں جنہوں نے پاکستان کی جانب سے پانچ ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان بھی اس ریس میں شامل ہیں لیکن یاد رہے انہیں گزشتہ سال نومبر میں نیشنل سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا تھا۔
مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اس عہدے کے لیے انگلینڈ سے کسی شخص کو لانا چاہتے تھے لیکن کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے انہیں مقامی شخصیت پر غور کرنا پڑا۔