کورونا وائرس نے جہاں لوگوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے پر مجبور کر دیا ہے وہیں اس موذی وائرس نے پی ایس ایل اور آئی پی ایل کو ایک ہی اسٹیج پر لاکھڑا کیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے اس مشکل وقت میں پاکستان اور بھارت کی امداد کا اعلان کیا ہے جس کا اظہار انہوں نے ٹویٹر پر پیغام جاری کر کے کیا۔
ایلن ولکنز نے کہا کہ میرے پاس پاکستان سپر لیگ اور انڈین پریمیر لیگ کی بہت ساری اشیاء موجود ہیں۔ ان کے مطابق وہ ان اشیاء کو نیلامی کے ذریعے فروخت کریں گے اور اس سے ملنے والی رقم کو پاکستان اور بھارت میں متاثرین تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی ان اشیاء کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہو وہ مجھ سے رابطہ کرے۔ ایلن ولکنز پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں کمینٹری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔