ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر ویو رچرڈز نے پوڈکاسٹ میں آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 80 کی دہائی میں معروف عالمی باکسر محمد علی اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم دورہ پاکستان پر موجود تھی۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے کہا کہ میرے خیال میں اس وقت محمد علی کو ویت نام جنگ میں حصہ نہ لینے کی وجہ سے پابندی کا سامنا تھا اور مسلم لیگ نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ ویو رچرڈز کے مطابق ہم لاہور کے ایک ہی ہوٹل میں قیام کر رہے تھے، وہ اس وقت لفٹ کی جانب بڑھ رہے تھے جب ہم بھی وہیں کھڑے تھے، ان دنوں میں نے داڑھی رکھی ہوئی تھی، جیسے ہی محمد علی لفٹ کے پاس پہنچے تو مجھے کہنے لگے کہ تم میرے روایتی حریف جو فرازیر جیسے دکھائی دیتے ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب محمد علی نے یہ الفاظ بولے تو اس وقت میری دل کی دھڑکن رک گئی تھی، جب میری ان سے ملاقات ہوئی تو وہ میرے لیے ایک بہت زبردست احساس تھا کیونکہ میں ان کی بہت عزت کرتا تھا۔