انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بیٹسمینوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود بابر اعظم کے خلاف باؤلنگ کرنے کے بعد نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا خیال ہے کہ وہ دنیا کے کسی بھی بیٹسمین کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں میرے فیورٹ بیٹسمین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم وہ واحد بیٹسمین جن کے خلاف پی ایس ایل میں باؤلنگ کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ہمیشہ ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں جس وجہ سے ہمیں اچھا کھلاڑی بننے میں مدد ملتی ہے جو کہ انٹرنیشنل کیریئر میں بھی ہمارے لیے مددگار ثابت ہو گی۔ شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا اگر مجھے معلوم ہے کہ دنیا کے نمبر ون بیٹسمین کے خلاف کیسے باؤلنگ کرنی ہے تو پھر میں ان کی طرح کے کسی دوسرے بیٹسمین کے خلاف بھی باؤلنگ کر سکتا ہوں۔