سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کرک ان جف کی جانب سے لائیو سیشن کا اہتمام کیا گیا جس کے میزبان مظہر ارشد تھے جبکہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی مہمان کے طور پر پروگرام میں شریک ہوئے۔ اس پروگرام میں اظہر علی نے کپتانی کے تجربے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ اظہر علی سے ان کی آل ٹائم پاکستان الیون ٹیم کا پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل کام تھا اور یہ ٹیم بناتے ہوئے میں نے بہت سے چیزوں کو ذہن میں رکھا۔ سعید انور اور حنیف محمد اوپننگ بیٹسمین کی حیثیت سے اظہر علی کی ٹیم میں شامل ہوئے۔ انہوں نے مڈل آرڈر کی ذمہ داری یونس خان، جاوید میانداد اور انضمام الحق کو سونپی جبکہ عمران خان کو ٹیم کا حصہ بناتے ہوئے انہیں اپنی آل ٹائم پاکستان الیون کا کپتان بنایا۔ اظہر علی نے باؤلنگ کے شعبے میں وسیم اکرم، اظہر محمود، عبدالقادر اور وقار یونس کو منتخب کیا جبکہ ثقلین مشتاق 12ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ان کی ٹیم کا حصہ بنے۔