پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز ہو تو میزبان ملک کوئی بھی ہو اسے زبردست مالی فوائد ہوتے ہیں مگر پاکستان کرکٹ بورڈ اب بھارت کے ساتھ سیریز پر انحصا نہیں کر رہا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری ویڈیو میں احسان مانی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم بھارت کے ساتھ کھیلیں نہ کھیلیں ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا اور ہم مستقبل کی پلاننگ بھی بھارت کے خلاف سیریز نکال کر ہی کر رہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ماضی میں بھی انھوں نے کئی مرتبہ وعدے کیے اور توڑ دیے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں تو بھارت سے کوئی سیریز نظر نہیں آ رہی مگر ان کی طرف سے ہوتا ہے تو ٹھیک ہے کیونکہ ہمیں صرف کرکٹ سے دلچسپی ہے اور ہم بورڈ میں سیاسی معاملات کو سامنے نہیں رکھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے اسپانسرشپ معاہدے اختتام کے قریب ہیں اور آئندہ جو معاہدے ہوں گے وہ بھارت کی سیریز کے بغیر کی پالیسی پر ہی ہوں گے۔