دنیائے کرکٹ میں جب بھی میچ ختم کرنے والے کھلاڑیوں کی بات ہوتی ہے تو آسٹریلیا کے مائیکل بیون اور مائیکل ہسی کا نام اس فہرست میں ضرور شامل ہوتا ہے۔ مائیکل ہسی نے خود کے بجائے بھارت کے مہندر سنگھ دھونی کو میچ ختم کرنے والا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں مائیکل ہسی نے کہا کہ دھونی بہت ہی دھیمے مزاج کے کھلاڑی ہیں، انھیں خود پر بہت زیادہ بھروسہ ہوتا ہے، جب بھی وہ چاہتے ہیں باؤنڈری لائن کلیئر کر دیتے ہیں اور یہی خصوصیات انھیں تاریخ کا بہترین فنیشر بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں چنائی کی کامیابی کا راز بھی یہی ہے، دھونی ٹیم کو کسی بھی صورتحال میں پریشان نہیں ہونے دیتے اور کوشش کرتے ہیں کہ خود پر دباؤ لینے کے بجائے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھایا جائے اور جو ٹیم دباؤ میں آ جاتی ہے وہ ہار جاتی ہے۔
واضح رہے کہ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چنائی سپر کنگز نے آئی پی ایل کا ٹائٹل تین مرتبہ جیتا ہے۔