سری لنکا کرکٹ نے رواں سال اگست اور ستمبر میں ٹی ٹوئنٹی لیگ منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ رواں سال ٹی ٹوئنٹی لیگ کرائیں گے اور آئی سی سی کو بھی اس کی تفصیلات دے چکے ہیں۔ ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ مستقبل کے ٹور پروگرام کا شیڈول طے کرتے وقت آئی سی سی نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ اگست اور ستمبر میں سری لنکا کے کوئی انٹرنیشنل میچز شیڈیول نہیں ہوں گے اور ستمبر کی ونڈو سری لنکا پریمیئر لیگ کی کیلئے اوپن کی جائے گی۔ دوسری جانب بھارت بھی اسی دوران آئی پی ایل کرانا چاہتا ہے۔ ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ اگر اس دوران لیگ نہیں کرا سکے تو انٹرنیشنل میچز کھیلنے کی کوشش کریں گے۔