کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے شاہد آفریدی کو فرنچائز کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے سے پہلے بڑی پیشکش کر دی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی کنگز میں شاہد آفریدی کو بہت یاد کرتا ہوں، جب وہ ریٹائر ہو جائیں گے تو انھیں اپنی ٹیم کا کوچ بنا دوں گا۔ کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل ضرور ہونا چاہیے تا کہ نیا چیمپئن آ سکے، اگر نمبرون ٹیم کو ٹرافی مل جائے تو اسپورٹس مین شپ کا مزہ نہیں رہتا، میری خواہش ہے کہ فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے۔ سلمان اقبال نے بابر اعظم کو کپتان نہ بنانے کے سوال پر کہا کہ کپتان کو جلد تبدیل کرنا درست نہیں، عماد وسیم کو جب کپتان بنایا تو ہم مسلسل 4 میچز جیتے تھے اور بابر اعظم خود بھی تسلسل کے حق میں ہیں۔ انہوں نے شرجیل خان کے بارے میں کہا کہ اوپننگ بیٹسمین کو پاکستان ٹیم میں واپسی کا موقع ملنا چاہیے لیکن شرجیل خان کو اپنی فٹنس پر توجہ دینی چاہیے۔