پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹ منتظمین کا موازنہ کیا ہے۔ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ جو لوگ منسلک ہیں یا جو لوگ ادارے میں نوکری حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان سب کے ذاتی مفادات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ خاص طور پر بھارت کی نچلی سطح کی مثال لیں تو وہ اس لیے کامیاب ہوئے ہیں کیونکہ وہ اپنے ذاتی مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ رمیز راجہ نے فکسنگ میں ملوث ہونے والے کھلاڑیوں سے متعلق کہا کہ شائقین کرکٹ اور معاشرے کو دباؤ بڑھانا چاہیے کہ ان کھلاڑیوں کو معاف نہ کیا جائے جنہوں نے ملکی وقار پر فکسنگ کو ترجیح دی۔