آسٹریلین ٹیم کے سابق کپتان مارک ٹیلر اور وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کا ماننا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ملکی کرکٹرز کی آمدنی میں کٹوتی ناگزیر ہے۔ چند روز قبل کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا تھا کہ وہ ادارے کے 80 فیصد اسٹاف کو فارغ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور 30 جون تک انہیں صرف 20 فیصد تنخواہ دی جائے گی۔
ایڈم گلکرسٹ نے کہا ہے کہ مجھے بالکل بھی حیرانگی نہیں ہو گی اگر کھلاڑیوں کو وہ رقم دی جائے گی جو ایک یا دو دہائی قبل دی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کی آمدنی 50 فیصد تک کم ہونے کا امکان ہے جو اسٹاف سمیت کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کی بات ہے۔
مارک ٹیلر نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے اسٹاف کے بعد اگلی باری کھلاڑیوں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا مجھے شک ہے کہ اس معاملے کو خوش اسلوبی سے سرانجام دینے کے لیے آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن اور کرکٹ آسٹریلیا مل کر کام کر ہے ہیں۔