انگلینڈ کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں جب 16 سال کا تھا تو اس وقت وسیم اکرم کے ہمراہ لنکاشائر کی جانب سے کھیلتا تھا، وہ میرے ہیروز میں سے ایک تھے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم نے مجھے بہت کچھ سکھایا، گیند کے اوپر انگوٹھے کی پوزیشن اور ریورس سوئنگ کا ہنر میں نے وسیم اکرم سے سیکھا۔ سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ میرا باؤلنگ ایکشن بھی ریورس سوئنگ میں بہت مددگار ثابت ہوا جبکہ وسیم اکرم نے بھی میرے کیریئر میں اہم کردار ادا کیا۔ اینڈریو فلنٹوف نے 141 ون ڈے، 79 ٹیسٹ اور سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کی انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں بالترتیب 3394، 3845 اور 76 رنز اسکور کیے۔ اینڈریو فلنٹوف نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 44 نصف سنچریاں اور آٹھ سنچریاں بھی اسکور کیں۔ سابق آل راؤنڈر نے پورے کیریئر میں 400 وکٹیں بھی حاصل کیں۔