یوں لگتا ہے جیسے ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی کو دیگر کرکٹرز کے برعکس مستقبل میں آئی پی ایل معاہدے کی کوئی فکر نہیں ہے اسی لیے انھوں نے آئی پی ایل اور پی ایس ایل میں سے پاکستانی لیگ کا انتخاب کر لیا۔ کرکٹ ویب سائٹ نے ڈیرن سیمی کے ساتھ ایک سیشن کیا جس میں انہیں پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سے ایک کا انتخاب کرنے کو کہا گیا تو انھوں نے پی ایس ایل کو چنا۔ ڈیرن سیمی نے اسٹیو اسمتھ اور ویرات کوہلی میں سے بھارتی بیٹسمین کا انتخاب کیا۔ برائن لارا اور ویو رچرڈز کے سوال پر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ یہ منصفانہ سوال نہیں ہے، دونوں ہی بہترین کھلاڑی ہیں اور ان میں سے کسی ایک کا نام نہیں لے سکتا۔ واضح رہے کہ ڈیرن سیمی نے آئی پی ایل میں بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی ہے جبکہ پی ایس ایل کی شروعات سے ہی وہ پشاور زلمی کے ساتھ منسلک ہیں۔ پی ایس ایل 2020 کے دوران ڈیرن سیمی کو فرنچائز کا ہیڈکوچ بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔