کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں سماجی فاصلہ اختیار کیا جا رہا ہے اور اگر اس سال کرکٹ ہوئی تو وہ بھی بند دروازوں کے پہچھے ہی شروع ہو گی۔ اس صورتحال میں آئی سی سی کی جانب سے ایک نئے قانون پر غور کیا جا رہا ہے۔ کرکٹرز گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کا استعمال کرتے ہیں لیکن کورونا وائرس کے باعث اس عمل پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلیسپی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے پر کرکٹ دوبارہ شروع ہو گی توگیند پر تھوک لگانے کی سختی سے ممانعت ہو سکتی ہے اور اس کے لیے کوئی متبادل عمل اختیار کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کسی قسم کی کرکٹ نہیں ہو رہی اور رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ساتھ کرکٹ ایکشن دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔