انگلش کرکٹ بورڈ اپنی انٹرنیشنل سیریز ایسے کرکٹ سینٹرز میں کرانے پر غور کر رہا ہے جہاں گراؤنڈ کے ساتھ ہوٹل بھی ہوں اور یہ سیریز بغیر شائقین کرکٹ کے منعقد کی جائیں گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ تین میدانوں میں انٹرنیشنل سیریز کرانے کا خواہشمند ہے جس میں اولڈ ٹریفرڈ، ہیڈنگلے اور ساؤتھیمپٹن شامل ہیں۔ اگر تین میدانوں پر میچز کرائے جاتے ہیں تو رواں سال لارڈز اور اوول کے میدان ویران رہیں گے۔ ای سی بی کے مطابق تینوں سینٹرز میں میچز بغیر کراؤڈ کے کھیلیں جائیں گے۔ رواں سال انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز، پاکستان، آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی میزبانی کرنی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو انگلینڈ کیخلاف 3 کے بجائے 4 ٹیسٹ میچز کھیلنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اگر یہ تجویز قابل عمل ہوئی تو انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیا شیڈیول جاری کیا جائے گا۔