پاکستان ٹیم کے سابق ہیڈکوچ ڈیو واٹمور کو بھارت میں نئی نوکری مل گئی ہے جہاں وہ برودا کرکٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ رانجی ٹرافی میں شرکت کرنے والی برودا کی ٹیم کے ہیڈکوچ بھی ہوں گے۔ ڈیو واٹمور کا معاہدہ دو سال کے لیے ہوا ہے جس کی معیاد 2022 میں ختم ہو جائے گی۔
چند روز قبل برودا کرکٹ ایسوسی ایشن نے تصدیق کی تھی کہ ڈیو واٹمور کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث کنٹریکٹ پر دستخط نہیں ہوئے ہیں۔
رانجی ٹرافی کے گزشتہ تین ایڈیشنز میں ڈیو واٹمور نے کیرالا کی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیئے تھے۔ ڈیو واٹمور نے سنگاپور، بنگلہ دیش، پاکستان اور زمبابوے کے ہیڈکوچ کی ذمہ داری بھی نبھائی ہے۔
یاد رہے ورلڈکپ 1996 کا ٹائٹل جیتنے والی سری لنکن ٹیم کے ہیڈکوچ بھی ڈیو واٹمور ہی تھے۔