راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وسیم اکرم کے ساتھ آٹھ سال تک کھیلا اور میں بہت زیادہ مثالوں کا حوالہ دے سکتا ہوں جب انہوں نے مجھے بچاتے ہوئے ٹاپ آرڈر کی وکٹیں حاصل کیں جبکہ میرے لیے ٹیل اینڈرز چھوڑ دیئے جن کو بہت کم بیٹنگ کرنا آتی ہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ میں نے پرانے میچز دیکھ کر انہیں کال کی اور ان کے ساتھ کھیلتے ہوئے ان کی عظمت کی صحیح معنوں میں تعریف نہ کرنے پر معذرت کی۔ شعیب اختر نے 163 ون ڈے اور 46 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178 اور ون ڈے کیریئر میں 247 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی ایکسپریس نے پاکستان کی جانب سے 15 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جس میں انہوں نے 19 شکار کیے۔ شعیب اختر نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ ورلڈکپ 2011 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں ایک وکٹ ان کے حصے میں آئی تھی۔