کورونا وائرس کے باعث کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تمام بورڈز کے چیف ایگزیکٹوز کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے موجودہ حالات میں اس اجلاس کو اہم ترین قرار دے دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ہونے والا اجلاس پاکستان میں معنی خیز حیثیت رکھتا ہے، اجلاس میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بتائیں گے اور دوسرے بورڈز سے سیکھیں گے۔
وسیم خان نے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیائے کرکٹ پر غیرمعمولی اثرات مرتب کیے ہیں، اس اجلاس نے کورونا وائرس سے مل کر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، ویڈیو اجلاس میں مشکل وقت میں فینز کو اکٹھا رکھنے، مالی امور اور آئی سی سی ایونٹس پر بات ہو گی۔ وسیم خان کے مطابق جب سے کورونا وائرس کی وبا پھیلی ہے آئی سی سی اراکین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔