بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے اپنی بولنگ میں بہتری کا کریڈٹ پاکستان کے لیجنڈری سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کو دے دیا۔ منوج تیواری کے ساتھ انسٹاگرام پر گفتگو کرتے ہوئے محمد شامی نے کہا کہ وسیم اکرم کو زندگی بھر ٹی وی پر بولنگ کرتے دیکھا اور خوش قسمت رہا کہ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں رہتے ہوئے ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ انھوں نے کہا کہ ابتدائی دنوں میں وسیم اکرم سے بات کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھا مگر وہ خود میرے پاس آئے اور مجھے بولنگ کی ٹپس دیں جس سے بہت فائدہ ہوا۔ محمد شامی نے کہا کہ وسیم اکرم اور ظہیر خان دونوں لیفٹ آرم فاسٹ بولرز تھے مگر پھر بھی پاک-بھارت مقابلوں میں ان کی بولنگ سے بہت لطف اندوز ہوتا تھا۔ محمد شامی نے دیگر بولرز کو بھی مشورہ دیا کہ جب بھی اس قسم کے چیمپئن بولرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو ان سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔