پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فکسنگ کو جرم قرار دینے کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی اور حال میں فکسنگ میں ملوث ہر پاکستانی کرکٹر کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فکسنگ کو جرم قرار دینے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ کیلئے درست ثابت ہو گا کیونکہ ماضی میں فکسنگ کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا گیا اور مزید اسکینڈلز سامنے آئے۔ آئی سی سی کے سابق صدر ظہیر عباس نے کہا کہ جس طرح سری لنکن ٹیم پر حملہ ہونے سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام ہوا ٹھیک اسی طرح فکسنگ کی وجہ سے بھی پاکستان کا نام بدنام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا اگر پاکستان کرکٹ کو فکسنگ سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو تمام غدار پلیئرز کا احتساب ضروری ہے اور اگر اب بھی اسے روکنے کیلئے سخت اقدامات نہیں کیے گئے تو ہم مزید اچھے کھلاڑیوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔