پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستند مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق نے اپنی غلطی کی نشاندہی کر لی اور اس پر جلد ہی قابو پانے کے لیے پرامید ہیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسد شفیق نے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ میں نے کیریئر میں زیادہ تر بیٹنگ نمبر 6 پر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس نمبر پر بڑی اننگز کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے، ٹیل اینڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کا پریشر بھی ہوتا ہے، اس وقت نئی گیند بھی آ جاتی ہے، اب مجھے اوپر بیٹنگ کرنے کا موقع ملا ہے اور پاکستان میں کرکٹ بھی ہو رہی ہے تو کوشش کروں گا کہ اپنی نصف سنچریوں کو سنچریوں میں تبدیل کروں۔ اسد شفیق نے اعتراف کیا کہ اپنی زیادہ تر نصف سنچریاں سنچریوں میں بدل سکتا تھا مگر میں نے غلطیاں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں سلو بیٹنگ کرنا مجبوری تھی مگر پاکستان میں تیز رنز بنانے کا موقع ملتا ہے اس لیے اب بڑی اننگز کی طرف دیکھ رہا ہوں اور کوشش کروں گا کہ کچھ ایسی اننگز کھیلوں جو یاد رہیں۔