پاکستان ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے مکی آرتھر کو سخت اور مصباح الحق کو نرم مزاج کوچ قرار دے دیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ سابق کوچ مکی آرتھر کو غلطیوں پر غصہ آ جایا کرتا تھا جبکہ مصباح الحق دھیمے انداز میں کھلاڑیوں کے ساتھ برتاؤ کرتے ہیں اور دونوں کی اپنی اپنی خصوصیت ہے۔ امام الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹیم میں اوپنرز کے درمیان سخت مقابلہ ہے جو پاکستان ٹیم کے لیے بہت اچھا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں شان مسعود اور عابد علی زبردست پرفارمنس دے رہے ہیں اس لیے اس جب موقع ملا تو کوشش کروں گا ہاتھ سے نہ جائے۔ اوپننگ بیٹسمین نے کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اگر یہ فیصلہ لیا تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔