Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں شان مسعود کی قیادت میں ملتان سلطانز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ملتان سلطانز نے 10 میں سے 6 میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دو میچوں میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دو میچ بارش کی نذر ہو گئے تھے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم گروپ مرحلے میں 14 پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست تھی۔
ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے اپنی ٹیم کی کامیابیوں کا کریڈٹ کوچنگ اسٹاف اور سینیئر کھلاڑیوں کو دے دیا۔ شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم کا کوچنگ اسٹاف بہت مضبوط تھا جبکہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی مدد سے نتائج اچھے آئے۔
انہوں نے کہا کہ اینڈی فلاور نے بڑی ٹیموں کے ساتھ کام کیا، دوسری جانب ڈریسنگ روم میں کافی تجربہ تھا اور تجربہ کار لوگوں کی موجودگی سے میرا کپتانی کرنا کافی آسان ہو گیا تھا۔
اوپننگ بیٹسمین کو امید ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی پی ایس ایل کے میچز منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل ملتوی ہوا ہے منسوخ نہیں، پوری کوشش ہونی چاہیے کہ بقیہ میچز بھی کرائے جائیں اور اگر میچز خالی میدانوں میں بھی کھیلے جائیں تو حرج نہیں، کم از کم لوگ گھر بیٹھ کر کرکٹ دیکھ سکیں گے۔