آئی سی سی کی جانب سے بلائے گئے چیف ایگزیکٹوز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ فیوچر ٹور پروگرام کو پھر سے ترتیب دے کر جتنی سیریز ملتوی ہوئیں ان کا انعقاد یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی تاہم ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ملتوی کرنے کی تجویز دی اور وہ یہ تجویز دینے والا واحد بورڈ تھا۔ آئی سی سی نے بھارت کی تجویز سننے کے بعد فوری ردعمل کے بجائے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اپنائی۔ رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کی تمام توجہ اس وقت آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر ہے اور اس میگا ایونٹ پر کسی حتمی فیصلے کے بعد ہی ٹیسٹ چیمپئن شپ پر کوئی فیصلہ ممکن ہو سکے گا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، آسٹریلیا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ انگلینڈ کا چوتھا اور پاکستان کا پانچواں نمبر ہے۔