دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز سابق بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز اور بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر لائیو سیشن کرتے ہوئے مختلف امور پر گفتگو کی۔ اس لائیو سیشن کے دوران دونوں کھلاڑیوں نے باہمی مشاورت سے ساؤتھ افریقی اور بھارتی کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ون ڈے ٹیم بھی بنائی۔ اے بی ڈویلیئرز اور ویرات کوہلی کی جانب سے منتخب کی گئی ساؤتھ افریقہ اور بھارت کی مشترکہ ٹیم میں اوپننگ بیٹسمین کی حیثیت سے سچن ٹنڈولکر اور روہت شرما کو شامل کیا گیا۔ ویرات کوہلی اور اے بی ڈویلیئرز خود بھی اس ٹیم کا حصے بنے۔ مہندر سنگھ دھونی کو کپتان کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ یووراج سنگھ بھی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئے۔ ساؤتھ افریقہ اور بھارت کی مشترکہ ٹیم کا بولنگ اٹیک ڈیل اسٹین، کگیسو رباڈا، یزویندر چہال اور جسپریت بمراہ پر مشتمل ہے۔