میچ فکسنگ اسکینڈلز میں گھرے پاکستان ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی تھی انہیں ملکی کرکٹ کی خدمت کا موقع دیا جائے جس کے جواب میں پی سی بی نے سلیم ملک سے تحفظات دور کرنے پر زور دیا تھا۔ اس حوالے سے سلیم ملک نے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جتنے بھی کرکٹ فینز ہیں اگر ان کا میری وجہ سے دل دکھا ہو تو میں ان تمام لوگوں سے معافی مانگتا ہوں۔ سابق کپتان نے کہا کہ میں آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو غیرمشروط تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میرا اوڑھنا بچھونا ہے، کرکٹ کے علاوہ اور کچھ نہیں آتا لہذا پی سی بی کو چاہیے کہ دیگر پلیئرز کی طرح مجھے بھی رعایت دے۔ سلیم ملک نے کھلے لفظوں میں اپنے کرکٹ کیریئر میں کی گئی میچ فکسنگ کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ میں اپنی سیکنڈ اننگز کا جلد آغاز کرنا چاہوں گا۔