بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو کا ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے کیریئر کی ابتداء میں وسیم اکرم نے بہت مدد کی۔ کلدیپ یادیو کے مطابق وسیم اکرم جب کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ تھے تو ان کے ساتھ بہترین وقت گزرا، وہ مجھ سے بہت زیادہ بات کیا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وسیم اکرم مجھے بولنگ کے حوالے سے زیادہ نہیں بتاتے تھے لیکن وہ مجھے ذہنی طور پر بہت مضبوط کرتے تھے۔ کلدیپ یادیو نے کہا کہ وسیم اکرم مخلتف انداز سے سکھاتے تھے کہ اگر بیٹسمین دباؤ میں لینے کی کوشش کرے تو کیا حکمت عملی اپنانی چاہیے۔ بھارتی اسپنر کا مزید کہنا تھا کہ ڈگ آؤٹ میں ہمیشہ میں وسیم اکرم کے برابر میں بیٹھا کرتا تھا اور میچ میں جو بھی صورتحال ہوتی تھی اس حوالے سے ان سے سوالات کرتا رہتا تھا جیسے کہ اگر وہ یہ میچ کھیل رہے ہوتے تو کیا کرتے۔ کلدیپ یادیو کہتے ہیں کہ وسیم اکرم سے میں نے بہت کچھ سیکھا اور خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ کیریئیر کی ابتداء میں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔