پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے مالی حالات ابھی بہتر ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ آئندہ سال ہونے والے ڈومیسٹک سیزن کی حکمت عملی جاری ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ اکتوبر-نومبر میں ڈومیسٹک سیزن شروع کریں لیکن ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے کیونکہ آئندہ تین-چاہ ماہ کرکٹ ہونا مشکل لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکمل ڈومیسٹک سیزن کو فنڈ کریں گے جبکہ سینٹرل کنٹریکٹڈ پلیئرز کی تنخواہوں پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کرکٹرز کو دنیا کے دوسرے کھلاڑیوں سے کم پیسے دیئے جاتے ہیں، ہم ان کی تنخواہوں میں کوئی کٹوتی نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے خرچے اور دوسرے معاملات کو دیکھنے کے بعد اگر ضرورت پڑی تو مجھ سمیت پی سی بی میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کر لیں گے، ضرورت پڑنے پر سب سے پہلے اپنی تنخواہ میں کمی کروں گا جو بھی پلان بناؤں گا سب سے پہلے اس پر خود عمل کروں گا۔