شعیب اختر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز کرانے کی تجویز دی تھی جس پر کپل دیو نے کہا تھا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس حوالے سے سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو دونوں ملکوں میں ہیروز سمجھا جاتا ہے، ان کا کام کھیلنا ہے اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ کرکٹ ایک کھیل ہے کوئی جنگ نہیں اس لیے میں سمجھتا ہوں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ ہونی چاہیے اور اس سے پاک-بھارت تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا نقصان ہوا یا نہیں یہ ایک علیحدہ بات ہے لیکن دونوں ملکوں کی طرف سے کرکٹ کو فروغ دینا چاہیے۔ ثقلین مشتاق نے آئی سی سی سے بھی درخواست کی کہ پاک-بھارت سیریز کرانے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھی اپنا کردار ادا کرے، اگر یہ ممکن ہوا تو یہ سیریز ایشیز سیریز سے بھی بڑی ہو گی۔