پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ وہ کس بیٹسمین کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنا زیادہ پسند کریں گے تو انہوں نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ دنیا میں مختلف قسم کے اوپننگ بیٹسمین ہیں، کچھ جارحانہ انداز سے اننگز کا آغاز کرتے ہیں، کچھ تکنیکی اعتبار سے بہت مضبوط پلیئرز ہیں اور میں کئی کھلاڑیوں کا مداح بھی ہوں۔ محمد حفیظ نے کہا کہ اگر مجھے پاکستان سے ساتھی اوپنر منتخب کرنا پڑے تو بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ جوڑی بناؤں گا کیونکہ ان کے ساتھ کھیلتے ہوئے دوسرے بیٹسمین کے پاس بہت وقت ہوتا ہے۔ محمد حفیظ نے روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر کو بھی اپنے پسندیدہ اوپننگ پارٹنرز کی فہرست میں شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ٹیموں سے منتخب کرنا بہت مشکل ہے لیکن روہت شرما یا ڈیوڈ وارنر کے ساتھ میری جوڑی اچھی بن سکتی ہے۔